تحریر: پروفیسر ڈاکٹر محمد ریاض، قمرالدین عثمان، شاہد رسول (انسٹیٹیوٹ آف اینیمل اینڈ ڈیری سائنسز ،زرعی یونیورسٹی فیصل آباد)
تعارف
وہ مدت جس کے دوران کوئی جاندار روشنی کے زیر اثر رہتا ہے اسے فوٹو پیریڈ کہا جاتا ہے۔ یہ پودوں اور جانوروں دونوں میں افزائش نسل کو متاثر کرتا ہے۔ پودوں میں، یہ پھول پیدا کرتا ہے جبکہ جانوروں میں، یہ افزائش اور پیداوار کو متاثر کرنے والے ہارمون جاری کرتا ہے۔ فوٹو پیریڈ کی تعریف جانور کے ذریعہ 24 گھنٹوں کے لئے تجربہ کردہ روشنی اور تاریک مدت کے نسبتی دورانیے کے طور پر کی جاتی ہے۔ روشنی کے دورانیے کا جانوروں کی بڑھو تری میں وزن کے حصول ، بر وقت بلوغت ، اور میمری ٹیشو کی نشو نما میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔
فوٹو پیریڈ دو قسم کا ہوتا ہے: لمبے دن کا فوٹو پیریڈ/ روشنی اور چھوٹے دن کا فوٹو پیریڈ/ روشنی
ایک طویل دن کا فوٹو پیریڈ 24 گھنٹوں میں 16 سے 18 گھنٹے روشنی اور 6 سے 8 گھنٹے کا تاریکی کا ہوتا ہے اور اس کا الٹ ایک مختصر دن کا فوٹو پیریڈ ہوتا ہے۔ روشنی برقی مقناطیسی تابکاری ہے جو طول موج (Wave-Length)میں تقریباً nm 740سے390 تک ہوتی ہے جو نظر کو متحرک اور چیزوں کو ظاہر کرتی ہے۔
اہمیت
• جانوروں کی کارکردگی اور فلاح و بہبود کو بہتر بنانے کے لئے ایک سخت انتظامی نظام (Intensive System)کے تحت ڈیری صنعت میں فوٹو پیریڈ زیادہ اہمیت حاصل کر رہا ہے
• زیادہ سے زیادہ جانوروں کی صلاحیت حاصل کرنے کے لئے تمام امکانات کو ممکن بناتا ہے
• یہ میلاٹونن (Melatonin)کو کم کرتا ہے جس سے جانوروں کے دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے
فیڈ اِنٹیک (Feed Intake)
اور دودھ کی پیداوار پر اثرات
دودھ دینے والی گائیوں کی فیڈاِنٹیک اور دودھ کی پیداوار کے ساتھ ساتھ جانوروں کی افزائش نسل میں فوٹوپیریڈیزم کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ فوٹوپیریڈیزم جانوروں کی اینڈوکرائنولوجی پر اثرانداز ہوتا ہے اور اس طرح جانوروں کے مختلف جسمانی پہلوؤں کو متاثر کرتا ہے جن میں نشوونما ، بلوغت ، پیداوار اور افزائش شامل ہیں۔
اضافی روشنی کی فراہمی جانوروں کے چارے کی چھانٹی کرںے کو کم کر تی ہے اور دن بھر کھانے کی سرگرمی میں نمایاں اضافہ کر تی ہے۔ فوٹو پیریڈ میں تبدیلی کے ساتھ فیڈ کی کھپت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔ 16 گھنٹوں کی روشنی میں موجود گائیوں کے لئے خشک مادے کی مقدار، قدرتی فوٹو پیریڈ کے اثرمیں آنے والی گائیوں کے مقابلے میں 6.1 فیصد بڑھ جاتی ہے ۔ایک تحقیق کے مطابق جانوروں میں روشنی کے اثر میں روزانہ16 گھنٹے تک اضافہ ،پیری پیبرٹل ہیفرز (Peri-pubertal Heifers)اور پریپبرٹل بیلوں (Pre-pubertal Bulls)کے سیرم میں بالترتیب پروجیسٹرون اور ٹیسٹوسٹیرون کی مقدار میں اضافے کو تیز کرتا ہے اور 8 L: 16 D (16 گھنٹے تاریکی اور 8 گھنٹے روشنی )کے مقابلے میں 16 L: 8 D (16 گھنٹے روشنی اور 8 گھنٹے تاریکی) سے دودھ کی پیداوار میں اوسطاً 4.2 فیصد اضافہ دیکھاگیاہے۔ روشنی کی فراہمی کا دورانیہ بڑھنے سےمویشیوں کے سیرم میں پرولیکٹن ہارمون کی مقدار میں اضافہ ہوتا ہے ۔ دودھ دینے والی گایوں کو دائمی روشنی کی تبدیلیوں میں مبتلا کرنے سے دودھ کی پیداوار میں کمی آتی ہے اور میٹابولزم متاثر ہوتا ہے دودھ دینے والی گایوں کے دودھ کی پیداوار روشنی کی شدت میں کمی کے ساتھ کم ہو جاتی ہے جس کا تعلق فیڈ کی کم مقدار کھانے سے ہوتا ہے۔
فوٹو پیریڈ سےدودھ میں چکنائی کے تناسب(Fat %age) میں تبدیلی نہیں آتی۔ ۔1978 میں 16 گھنٹے کی روشنی: 8 گھنٹے کی تاریکی کے فوٹو پیریڈ کے گیلکٹوپوئیٹک اثرات کی ابتدائی رپورٹ کے بعد سے ، متعدد مطالعات نے دودھ کی پیداوار میں طویل دن کے محرک ہونے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم، دودھ کی پیداوار میں اضافے کے لئے ذمہ دار اینڈوکرائن فیک کی شناخت نہیں کی گئی ہے۔ حالیہ مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ انسولین نما گروتھ فیکٹر -1 (آئی جی ایف -1) لمبے دن کے فوٹو پیریڈ کے لئے گلیکٹوپوئیٹک ردعمل میں اثرانداز ہو سکتا ہے۔ در حقیقت، لمبے دنوں میں بچھڑوں اور دودھ پلانے والی گائیوں میں آئی جی ایف -1 میں اضافہ ہوتا ہے۔بچھڑوں اور گائیوں میں، آئی جی ایف -1 میں اضافہ گردش کرنے والے گروتھ ہارمون میں تبدیلیوں سے آزاد ہے۔ میلاٹونن کو مختصر دن کے فوٹو پیریڈ کی کمی کو پورا کرنے کے لئے فیڈ میں میلاٹونن دیا گیا مگر ا س سے دودھ کی پیداوار میں کوئی اضافہ نہیں دیکھا گیا۔
جامعہ زرعیہ میں تحقیق:
ایک ریسرچ ٹرائل لائیو سٹاک ریسرچ اسٹیشن، یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد پاکستان میں کیا گیا۔ ساہیوال نسل کی تقریباً (15-17 ماہ) عمر کے نو سالہ بچھڑوں کا انتخاب کیا گیا اور انہیں تین گروپوں (اے، بی اور سی) میں تقسیم کیا گیا جو کے مکمل طور پر بے ترتیب ڈیزائن میں تھا ۔گروپ A کو مختصر دن کی فوٹو پیریڈ (8 h L: 16 D h ) مختص کیا گیا تھا، گروپ Bکو قدرتی فوٹو پیریڈ پر برقرار رکھا گیا تھا اور گروپ C کو طویل دن فوٹو پیریڈ (16 L h: 8D h ) پر رکھا گیا تھا۔ تجرباتی آزمائش کا دورانیہ دسمبر سے فروری (90 دن) تک تھا اور ان مہینوں کے دوران قدرتی فوٹو پیریڈ کا دورانیہ 8 سے 12 گھنٹے تک ہوتا ہے۔خشک مادے (Dry Matter) کی بنیاد پر 70 فیصد بر سیم، سرسوں، گھاس اور 30 فیصد گندم کے بھوسے والا راشن جانوروں کو دیا گیا۔ اضافی روشنی کے لئے اور فوٹو پیریڈ کو بڑھانے کے لئے ہم فلوروسنٹ بلب کے ذریعے مصنوعی روشنی دی اور اپنی آزمائش کے مطابق جانوروں کے فوٹو پیریڈ کا انتظام کیا۔
جو منعقد کیے گئے ٹرائل کے نتائج جدول کی شکل میں درجہ ذیل ہیں۔
فیڈ اور پانی کے استعمال پر اضافی روشنی کے اثرات۔
وزن میں اضافے پر مختلف روشنی کے شیڈول کے اثرات۔
ان نتائج سے ظاہر ہوا کہ زیادہ دیر روشنی میں رہنے سے یا فوٹو پیریڈ میں اضافے سے جانورں کی نشو نما بہتر ہوتی ہے جس سے دودھ اور گوشت کی پیداوار میں بھی نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے کیونکہ فیڈ انٹیک اور گروتھ میں تیزی سے جانور جلد بلوغت اور پھر بچہ دے دیتا ہے جس سے نہ صرف ایک جانور کی پیداواری صلاحیت بلکہ پورے جھنڈ کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے۔
نتیجہ
ہیفر میں فوٹو پیریڈ کی توسیع شدہ لمبائی کی فراہمی یعنی لمبے دنوں کی فراہمی سے ڈی ایم آئی(DMI) ، پانی کی کھپت اور وزن میں اضافے پر نمایاں اثر ہوتاہے۔ لہذا ، روشنی کے انتظام کو بڑھانے سے ہیفر کے ڈی ایم آئی ، پانی کی مقدار اور نشوونما کو بہتر بنانے کے لئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ فوٹوپیریڈزم (روشنی کا دورانیہ) کی اہمیت اور افزائش نسل، پیداوار اور چارے کی کھپت پر اس کے اثرات کو جانتے ہوئے، کسانوں کوچاہیےکہ جانوروں کی روشنی کی فراہمی پر توجہ دیں۔ جن جانوروں کو مناسب فوٹو پیریڈ ملتا ہے وہ ان جانوروں کے مقابلے میں اچھی تولیدی حیثیت کے ساتھ زیادہ پیداواردے رہے ہوتے ہیں ،جنہیں مناسب روشنی نہیں ملتی ۔ لمبے دنوں میں رہنے سے مویشیوں میں دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے جس کا دودھ کی ساخت پر بہت کم اثر پڑتا ہے۔ گائیاں دودھ کی زیادہ پیداوار کرنے کے لئے بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے فیڈ کی کھپت میں اضافہ کرتی ہیں۔ دودھ پلانے والی گایوں اور بچھڑوں میں ، اس بات کے ثبوت ملے ہیں کہ لمبے دنوں کےاثر میں رہنے سے آئی جی ایف -1 کی گردش میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ مزید برآں، آئی جی ایف-1 پر جی ایچ کا کوئی اثرنہیں۔ تاہم ، میلاٹونن کھلانے کا دودھ پر کوئی اثر نہیں پڑتا ہے اور توسیع شدہ روشنی کے حالات میں مختصر دنوں کی نقل کرنے کے طریقہ کار کے طور پر مفید نہیں ہوگا۔ دیگر عام انتظامی طریقوں میں ، دودھ کی پیداوار پر اضافی اثر کے لئے طویل دن کی فوٹو پیریڈ کو بی ایس ٹی Bovine somatotropin (bST) کے ساتھ ملایا جاسکتا ہے۔ چونکہ بی ایس ٹی Bovine somatotropin (bST) اور 3 وقت دودھ دھونے سے دودھ کی پیداوار پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں ۔فوٹو پیریڈ میلاٹونن ہارمون کو کم کرتا ہے جو دودھ کی پیداوار میں اضافے کا موجب ہے ۔لمبے دنوں کی روشنی میں رہنے سے دودھ کی پیداوار میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ دودھ کی ساخت(Milk Composition) پر بہت کم اثر پڑتا ہے۔
Comments
Post a Comment